ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / قطری وزیر خارجہ ماسکو میں، روس کا مکالمت پر زور

قطری وزیر خارجہ ماسکو میں، روس کا مکالمت پر زور

Mon, 12 Jun 2017 16:26:54  SO Admin   S.O. News Service

ماسکو11جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی جرمنی اور برسلز کے بعد دس جون ہفتے کے روز ماسکو میں تھے، جہاں اُنہوں نے اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔ ترکی نے بھی قطری تنازعے کے جلد از جلد حل پر زور دیا ہے۔گزشتہ پیر کو سعودی عرب، بحرین، مصر، متحدہ عرب امارات، یمن اور مالدیپ نے قطر پر یہ الزامات عائد کرتے ہوئے اُس کے ساتھ تعلقات منقطع کر لیے تھے کہ یہ عرب ملک دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ قطر نے ان الزامات کو بے بنیادقرار دیا تھا اور اپنے وزیر خارجہ کو بیرونی طاقتوں کی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے کئی ملکوں کے ایک دورے پر روانہ کر دیاتھا۔ قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی جرمنی اور برسلز سے ہوتے ہوئے دس جون ہفتے کے روز ماسکو پہنچے، جہاں اُنہوں نے روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات کی۔

دونوں وزرائے خارجہ کی اس ملاقات کے دوران روس کی جانب سے اس امر پر زور دیا گیا کہ قطر اور اُس کے ہمسایہ عرب ممالک کے درمیان تنازعے کو بات چیت سے حل کیا جانا چاہیے۔لاوروف نے کہا:ہم ایک ایسی صورتِ حال پر خوش نہیں ہو سکتے، جب ہمارے ساتھی ممالک کے درمیان تعلقات خراب تر ہوتے جا رہے ہوں۔ ہم اس حق میں ہیں کہ تمام تر اختلافِ رائے کو مکالمت کے ذریعے دور کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ اُن کے اس دورے کا مقصد روس کو اس امر سے آگاہ کرنا ہے کہ قطر کے خلاف کیسے غیر قانونی ہتھکنڈے اپنائے جا رہے ہیں:اختلافات کو ہمیشہ بات چیت ہی سے دور کیا جاتا ہے اور خلیجی تعاون کونسل اس مقصد کے لیے سب سے موزوں پلیٹ فارم ہے۔دوسری جانب یہ تنازعہ جمعے کے روز اُس وقت اور زیادہ شدت اختیار کر گیا جب سعودی عرب نے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث اُنسٹھ قطری اداروں اور شخصیات کی، جن میں شاہی خاندان کے ارکان بھی شامل ہیں، ایک پوری فہرست جاری کر دی۔روس کا اس تنازعے کو مکالمت کے ذریعے حل کرنے کا بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب قطر کے ہمسایہ ممالک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُس بیان کا خیر مقدم کر رہے ہیں، جس میں یہ کہا گیا ہے کہ قطر ایک طویل عرصے سے دہشت گردی کے لیے مالی وسائل فراہم کرتا چلا آ رہا ہے اور اُسے اب یہ سلسلہ ختم کر دینا چاہیے۔سعودی عرب اور بحرین کی جانب سے قطر پر زور دیا گیا ہے کہ اُسے اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شمولیت اختیار کرنا ہو گی۔ یہ ہمسایہ عرب ممالک قطر پر ایسے عسکریت پسند گروہوں کی مدد کرنے کا الزام عائد کر رہے ہیں، جو اُن کے کٹر حریف ایران کے ساتھ نظریاتی قربت رکھتے ہیں۔دوسری جانب ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مطابق اُن کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں کہ قطر نے دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ تعاون کیا ہو۔ جمعے کے روزایردوآن نے کہا کہ اُن کا ملک دوحہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔دس جون ہفتے کے روز ایردوآن نے ترک دارالحکومت انقرہ میں بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ کے ساتھ ملاقات میں اس امر پر زور دیا کہ قطر اور اُس کے ہمسایہ عرب ممالک کے درمیان تنازعے کو ماہِ رمضان کے اختتام تک حل ہو جانا چاہیے۔ 


Share: